اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے پر وفاقی وزرا سمیت 64 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ۔الیکسن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 25، پنجاب اسمبلی کے 24 ، سندھ اسمبلی کے ، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 4 اور بلوچستان اسمبلی کے 1 رکن کی رکنیت بحال کی ۔وفاقی وزرا فواد چودھری، نورالحق قادری،زرتاج گل اور طارق بشیر چیمہ کی رکنیت بھی مالی گوشوارے جمع کرنے پربحال کی گئی ۔ راجہ پرویز اشرف اور فرخ حبیب کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے 254 اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت تاحال معطل ہے ۔ مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے تک پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل رہے گی اور وہ اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے ۔الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پرپنجاب اسمبلی کے 115، خیبرپختونخوا کے 60، سندھ اسمبلی کے 40 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ارکان کی رکنیت معطل کی تھی۔ تاحال حلف نہ اٹھانے پر رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ۔