لاہور،اسلام آباد،پشاور، کراچی ، کوئٹہ ، نئی دہلی ، نیویارک (جنرل رپورٹر ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،وقائع نگار، خبر نگار خصوصی ، خبرنگار، سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان، نیوزایجنسیاں ) ملک میں کورونا وائرس کے مزید 151مریض انتقال کر گئے جبکہ 5480نئے کیس سامنے آگئے ۔ این سی اوسی کے مطابق مصدقہ کیس 815711جبکہ اموات 17680ہوگئیں،فعال کیس 89838ہوگئے ، 5263 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔پنجاب میں مزید103ہلاکتیں جبکہ 2674 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، صوبے میں مسلسل تیسرے روز ایک سو سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔لاہور میں مزید 34 مریض چل بسے ۔ لاہور 1302، ننکانہ42، قصور 55، شیخوپورہ 52، راولپنڈی 93، جہلم 8، اٹک 1، چکوال 9، مظفرگڑھ 34،حافظ آباد 14 ، گوجرانوالہ63 ،سیالکوٹ 36، نارووال 8، گجرات 12، منڈی بہاؤالدین 25، ملتان 90، خانیوال 21، راجن پور 3، لیہ 17، ڈیرہ غازیخان 22 ، وہاڑی 56 ، فیصل آباد 182، چنیوٹ 25، ٹوبہ 23، جھنگ14 ، رحیمیار خان 70 ، سرگودھا 78، میانوالی 11، خوشاب 9، بہاولنگر 15، بہاولپور 73، لودھراں 11،بھکر 22،ساہیوال 71، پاکپتن 38 اوراوکاڑہ میں 69 کیس سامنے آئے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے مختص7310بیڈز میں سے 4320 بیڈ خالی ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں کے 95 فیصد وینٹی لیٹرز انتہائی تشویشناک مریضوں سے بھر گئے ۔آکسیجن سلنڈر والے 74 فیصد بستر مریضوں سے بھر گئے ۔ خیبر پختونخوا میں 36مریض جاں بحق جبکہ 1034متاثر ہوئے ۔ انستھیزیا ٹیکنیشن سہیل اعوان جاں بحق ہوگئے ۔سندھ میں ایک ہزار 60 کیس جبکہ 4 اموات ہوئیں۔بلوچستان میں ایک ہلاکت جبکہ160نئے کیس رپورٹ ہوئے ،کوئٹہ سمیت صوبے میں جمعرات کو ہفتہ وار لاک ڈائون رہا۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں3 مئی سے 40 سے 49 سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا، 5 تا 20 مئی پاکستان آنے والی مسافر پروازیں محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا،18 مئی کوپابندیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں آکسیجن کی پیداوار اور سپلائی کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا،6 ہزار میٹرک ٹن آکسیجن اور5 ہزار آکسیجن سلنڈرز امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ20سائیو جینک ٹینک بھی امپورٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔ آکسیجن کی سپلائی موثر بنانے کیلئے مصری شاہ کی سکریپ انڈسٹری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عید الفطر کیلئے گائیڈلائنزجاری کردیں، عید پر 10تا15 مئی6 چھٹیاں ہوں گی،زیادہ چھٹیوں کا مقصد عیدکے دوران نقل حمل محدود کرناہے ،8سے 16مئی تک ’’گھررہومحفوظ رہو‘‘کی حکمت عملی پرعملدرآمد کیاجائیگا، تمام مارکیٹیں،دکانیں اور کاروبار بند رہیں گے ، تاہم ضروری خدمات جن میں گروسری سٹور ، میڈیکل سٹور ، ویکسی نیشن سنٹر،سبزیوں ، فروٹس کی دکانیں ،گوشت کی دکانیں،بیکریاں، پٹرول پمپ،ٹیک اوے اور ای کامرس(ہوم ڈلیوری)کیساتھ یوٹیلیٹی سروسز جس میں بجلی ، نیچرل گیس ،انٹر نیٹ، سیلولر نیٹ ورکس/ٹیلی کام، کال سنٹرز اور میڈیا ہائوسز شامل ہیں کھلے رہیں گے ۔چاند رات پر مہندی،جیولری،کپڑوں کے سٹالزپرپابندی ہوگی، یوم علی،شب قدر،اعتکاف،جمعۃ الوداع کیلئے گائیڈلائنزپرعملدرآمدیکم مئی سے ہوگا۔تفریحی مقامات،پبلک پارکس،شاپنگ مال8سے 16مئی تک بندرہیں گے ،عید پربین الصوبائی ، انٹراور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی،نجی گاڑیوں،رکشوں اورٹیکسیوں کیلئے 50فیصد سواریوں کی اجازت ہوگی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مقامی افراد کو گھرواپس جانے کیلئے سفر کی اجازت ہوگی۔7مئی تک مسافروں کو لے جانے کیلئے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ٹرینوں میں 70فیصد مسافر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے سفر کر سکیں گے ۔ عوام کو گھروں میں محدود رکھنے کیلئے میڈیا فلمیں ، ڈرامے اور انٹرٹینمنٹ شوز پر مبنی خصوصی عید ٹرانسمیشن چلائے ۔عید پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹگری سی ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں چار مئی تک توسیع کر دی۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرسول انتظامیہ کی فوج کی معاونت سے کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں60 دکانوں،سٹوروں،یسٹورنٹس کو سیل جبکہ11 افراد کو گرفتار کرایا گیا ۔ساہیوال، پھالیہ اور دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔ادھر کورونا کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 31لاکھ 72 ہزار ہو گئیں جبکہ کیس15کروڑ9لاکھ سے تجاوز کر گئے ۔بھارت میں یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ ایک روز میں مزید 386,829کیس جبکہ 3,501ہلاکتیں ہو ئیں۔نئی دہلی میں ہر چار منٹ میں ایک ہلاکت ہورہی ۔ تامل ناڈو میں رات کا کرفیو اور اتوار کا لاک ڈاؤن تاحکم ثانی جاری رہے گا۔ اتر اکھنڈ میں ہندو مذہبی تہوار چار دھم یاترا منسوخ کردی گئی ۔ امریکہ نے اپنے شہریوں کو بھارت چھوڑ دینے کی ہدایت کردی۔امریکہ سے سو ملین ڈالر سے زائد کی طبی امدادبھارت پہنچ گئی۔ امدادی سامان میں فوری نتائج دکھانے والی تقریبا ایک ملین کورونا ٹیسٹنگ کِٹس بھی شامل ہیں۔ برطانوی وزیر جیمز کلیورلی کا کہنا ہے بھارت کو تین موبائل آکسیجن فیکٹریاں بھیج رہے ہیں۔ ہر فیکٹری ایک منٹ میں 1500 لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک نے کہا ہے فائزر بائیو ٹیک ویکسین کی 6 کروڑ اضافی ڈوز کا آرڈر دیدیا ۔ بھارت کو دینے کیلئے فی الحال اضافی ویکسین دستیاب نہیں۔ بھارت نے اقوامِ متحدہ کی مدد کی پیشکش مسترد کر دی۔ رومانیہ میں کورونا کی بھارتی قسم کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔