لندن( ویب ڈیسک) ایک گھر کے باورچی خانے میں برسوں پڑی رہنے والی شکستہ کیتلی درحقیقت چینی عہد کا ایک شاہکار نکلی اور 10 لاکھ برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہوئی جس کی پاکستانی روپوں میں قیمت 18 کروڑ بنتی ہے ۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کیتلی کا مالک خود اس کی اہمیت سے آگاہ نہیں تھا اور اس نے ایک ماہر لی ینگ کو اسے پیش کیا جو برطانوی شہر ڈورسیٹ کے ایک مشہور نیلام گھر ڈیوک آکشنیر میں ملازم ہیں۔ انہوں نے کیتلی دیکھ کر کہا کہ یہ چینی بادشاہ چیانگ لونگ کے دور سے تعلق رکھتی ہے اور اس خاندان نے چین پر 1735 ست 1796 تک حکومت کی تھی۔ کیتلی کی بیرونی پیندے میں چینی مہر سے اس کیتلی کے اصل ہونے کی تصدیق بھی ہوتی ہے ۔ کیتلی کی شکل ناشپاتی جیسی ہے اور اس کے ڈھکنے پر آڑو بناہواہے ۔ اس عہد میں آڑو کو چین میں مقدس سمجھا جاتا تھا اور اس کے درخت کو ’شجرِحیات‘ تصور کیا جاتا تھا اور اب بھی چینی دلہنیں آڑو کے پیڑ سے پھول چنتی ہیں تاکہ ان کے نصیب کھل سکیں۔