اس گھر کو آگ لگ گئی، گھر کے چراغ سے۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں لیاری ندی کے کنارے آباد ہندو آبادی کی جھگیوں میں پھول فروش کے گھر پر عبادت کے لئے جلائے گئے چراغ سے آگ لگ گئی جس سے 180 سے زائد جھگیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔ اگرچہ آگ بجھ چکی ہے لیکن غریب ہندو آبادی کا کچھ بھی نہیں بچا، سب کچھ جل کر خاکستر ہوگیا۔ اگرچہ اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر درجنوں متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم جھگیوں والوں کا کہنا ہے کہ کھانے کے سوا انہیں کچھ نہیں دیا گیا۔ لیاقت آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جونہی کوئی شہری متاثرین کے لئے امداد لے کر آتا ہے کچھ موقع پرست لوگ جن کا تعلق ان جھگیوں سے نہیں ہے وہ ان شہریوں کو گھیر لیتے ہیں اور امدادی مال لے کر تتر بتر ہو جاتے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ کراچی بھی اس وقت شدید سردی اور تیز ہوائوں کی زد میں ہے، انہی ہوائوں سے چراغ سے لپکنے والے شعلے نے تیل کا کام کیا اور آناً فاناً جھگیوں کو راکھ کر دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی بحالی کا کام شروع کرے، ان کے کھانے پینے کے انتظامات کے ساتھ ساتھ ان کے نقصان کا اندازہ کرکے اس کا ازالہ کرے، مخیر حضرات کو بھی چاہئے وہ بحالی کے اس کام میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کریں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امدادی مال صرف متاثرین کو ہی ملے تاکہ غریب ہندو آبادی پھر سے اپنی اجڑی جھگیوں کو بسانے کے قابل ہو سکے۔