لاہور(سپورٹس رپورٹر)کرس گیل، ڈیل اسٹین، کرس لین اور راشد خان سمیت کئی معروف اور نامور غیرملکی ستاروں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 میں شرکت کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کردی ہے ۔ لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے پچیس کھلاڑیوں پر مشتمل پلاٹینم فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 10 جنوری کو لاہور میں ہوگی۔ڈرافٹنگ سے قبل تمام چھ ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو ریلیز یا ریٹین کرسکتی ہیں۔لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی سب سے خاص بات اس دہائی کے آئی سی سی کے بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹر راشد خان کا دستیابی ظاہر کرنا ہے ۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست ڈیوڈ ملان بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ آسٹریلوی بیٹسمین کرس لین ، ڈیوائن براوو، لینڈل سمنز ، کارلوس بریتھ ویٹ اور ایون لوئس بھی موجود ہیں۔