لاہور،اسلام آباد،ملتان،کوٹلی لوہاراں،رحیم یارخان، کراچی،پشاور (جنرل رپورٹر،خبر نگار خصوصی ،92 نیوز رپورٹ،سپیشل رپورٹر،نمائندہ92نیوز،سٹی رپورٹر،خبرنگار) ملک بھر میں ڈینگی وائرس نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے جس کے نتیجہ میں ہلاکتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے جبکہ ڈینگی کے شکار مزید 4مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ ڈینگی کا شکار کراچی کے علاقہ منگھو پیر کا رہائشی25 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ اسلام آباد میں 19 سالہ وسیم رحمت مسیح اور راولپنڈی میں 25سالہ ریاض اور 37 سالہ شہزاد دوران علاج دم توڑ گئے ،گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ مزیدسینکڑوں مریض سامنے آئے ہیں ، پنجاب میں ڈینگی بخار کے مزید 191 کیس سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 5077 ہوگئی، راولپنڈی میں 152،لاہور اور فیصل آباد میں تین، تین،چکوال اور اٹک میں چار چار افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ملتان سے 3, میانوالی سے 2, خانیوال سے 1, مظفرگڑھ سے 2 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 1 کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ روز پنجاب بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 71کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج جبکہ 27افراد کوگرفتار کیا گیا جبکہ 1135کو وارننگ جاری کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے مزید 87 کیس رپورٹ ہوئے ، صوبہ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار522 ہو گئی ،صرف پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2080ہوگئی۔کراچی سمیت سندھ میں بھی ڈینگی کے درجنوں نئے کیس سامنے آگئے ۔ملک بھر میں ڈینگی کی وبا کے باعث ہسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی ۔رحیم یارخان میں مزید4 افرادڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے ۔کوٹلی لوہاراں میں بھی ڈینگی کا ایک کیس سامنے آگیا۔نشتر ہسپتال ملتان کے آئسولیشن وارڈ میں ڈینگی کے شبہ میں 2 نئے مریض منتقل کردیئے گئے ۔ اسلام آباد میں وزارت صحت کے حکام اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کی ڈینگی سے نمٹنے کی تمام تر تدابیر فیل ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا لاہور جنرل ہسپتال سے 20 ڈاکٹروں کا تیسرا گروپ راولپنڈی چلا گیا جس میں میڈیسن اور بچوں کے ماہرین شامل ہیں جوڈینگی وائرس سے متاثرہ شہریوں کا علاج معالجہ کرینگے ۔