لاہور،راولپنڈی،ملتان،اسلام آباد(جنرل رپورٹر، رپورٹر 92نیوز،سٹاف رپورٹر،این این آئی )ملک کے کئی شہروں میں ڈینگی کے شدید وار جاری ہیں ۔پنجاب بھر میں ڈینگی کے مزید477مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 354لاہور سے سامنے آئے ۔لاہور میں ایک اور ڈینگی مریض جاں بحق بھی ہوگیا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق گزشتہ روز ڈینگی کے راولپنڈی سے 38، بہاولپور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ سے 9 نو، اٹک، گوجرانوالہ اور سرگودھا سے 6 چھ،فیصل آباد اور اوکاڑہ سے 5 پانچ، وہاڑی سے 4جبکہ بہاولنگر اور گجرات سے 3 تین کیس سامنے آئے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے ابتک ڈینگی کے 8882جبکہ لاہور سے 6347کنفرم کیس سامنے آچکے ۔صوبہ میں ابتک ڈینگی سے 25اموات ہو چکی ہیں۔صوبہ کے ہسپتالوں میں2311ڈینگی مریض زیرعلاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں1324ڈینگی مریض داخل ہیں۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی مریضوں کیلئے 4674بستر مختص ہیں ۔ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے لاہورکے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی ڈینگی کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادمیں اضافہ کیا گیا۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں2154مقامات اور لاہور میں1347مقامات سے ڈینگی مچھر کا لاروا تلف کیا ۔ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج مزید6مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ زیر علاج مصدقہ ڈینگی مریضوں کی تعداد27 ہو گئی۔ راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 1555 ہوگئی، 6 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ اسلام آباد میں بھی ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہونے لگی ، ایک روز میں ریکارڈ174ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے اور پولی کلینک میں ڈینگی سے متاثرہ ایک مریض انتقال کرگیا، رواں سیزن میں ڈینگی سے 10اموات ہو چکی ہیں۔ ڈینگی کیسز بڑھنے پر قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ ڈینگی مچھر پاکستان کے تقریباً تمام علاقوں میں موجود ہے ۔