سیم سنگ کمپنی سمارٹ فونز بنانے والی کمپنیوں آج پہلے نمبر پر براجمان ہے، اس کمپنی کے بنائے گئے سمارٹ فونز نہ صرف معیاری ہوتے ہیں، بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھی ہوتے ہیں۔ کمپنی نے امریکی ریاست لاس ویگاس میں ہونے والی ایک نمائش میں اپنے آئندہ آنے والے مختلف سمارٹ فونز جنہیں فولڈ یا بینڈ کیا جا سکتا ہے کے تخلیقی ڈیزائن متعارف کرائے ہیں، جو آئندہ ماہ و سال میں پروڈکٹ کی شکل اختیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ شنید ہے کہ تصویر میں دکھائی دینے والا سیم سنگ گلیکسی X کا ڈیزائن کچھ ایسا ہو گا۔ اِس کے فیچرز میں 6.4 انچ کی ایمولڈڈ سکرین، جس کی ریزو لیشن 4k ہو گی اور اینڈرائیڈ کا سب سے اپ ڈیٹ ورژن یعنی 10.0 سرفہرست ہیں۔ ایک انٹرنیٹ رپورٹ کے مطابق اِس کا ڈیزائن لیپ ٹاپ جیسا ہو گا، یعنی اِس کی سکرین کے نیچے بٹن بھی نصب کیے جائیں گے اور اِس کی سکرین کو 360 ڈگری میں موڑا جا سکے گا، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اِس کی سکرین لچکدار ہو گی یا نہیں۔ اِس میں فرنٹ یعنی سیلفی کیمرہ نصب نہیں کیا جائے گا، جبکہ فون کے پیچھے 12 اور 16 میگا پکسل کے دو کیمرے ہوں گے، جبکہ اس میں دنیا کا سب سے برق رفتار پروسیسر یعنی Exynos 9820 نصب ہو گا۔ اس کی ریم 8 جی بی جبکہ میموری 256 جی بی ہو گی۔ اِس نئے سمارٹ فون کی دلچسپ بات یہ ہو گی کہ جب آپ اِسے لیپ ٹاپ کے طور پر استعمال کرنا چاہیں گے، تو یہ خود بہ خود اِس کا آپریٹنگ سسٹم Windows 10 میں بدل جا ئے گا۔ یعنی اِس کا صارف بیک وقت اینڈرائیڈ اور ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز کے مزے لے سکے گا۔ اِس میں ایک عدد فنگر پرنٹ سکینر، روایتی سینسرز اور 45000mAh کی ہیوی ڈیوٹی بیٹری نصب کی جائے گی۔ اس کی فولڈنگ باڈی مکمل طور پر لوہے سے تیار کی جائے گی، تاکہ فون کی مضبوطی برقرار رہے۔ 

٭٭٭