لاہور،اسلام آباد ( اپنے نیوز رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر ،92نیوز رپورٹ ،لیڈی رپورٹر، نامہ نگار) احتساب عدالت نے پیرا گون ہائو سنگ سکینڈل میں خواجہبرادران پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 8 اگست کی تاریخ مقرر کر دی، عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 8 اگست تک توسیع کر دی ۔منگل کو دونوں بھائیوں کو احتساب عدالت پیش کیا گیا ، عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ، جج جواد الحسن نے ریفرنس کی سماعت کی، نیب نے سعد، سلمان رفیق کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کر دیں۔نیب نے تین شریک ملزمان کے بارے میں رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ۔ سعد رفیق نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے کچھ مہینے بعد ان کے ساتھ ہو گا، ہم نہیں چاہتے عمران کے ساتھ وہی بد سلوکی ہو جو ن لیگ اور پی پی پی کے ساتھ ہو رہی ہے ۔ احتساب عدالت میں حمزہ اور سلمان شہباز کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملزم شاہد رفیق کے کیس میں عدالت نے ملزم شاہد رفیق کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ کرپشن کیس میں عدالت نے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 دن کی توسیع کر دی، نیب کے تفتیشی افسر نے تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کا ریفرنس کب فائل کیا جائے گا، تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ریفرنس چیئرمین کی منظوری کے بعد فائل کر دیا جائیگا ۔ احتساب عدالت نے 11 ارب روپے ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس میں بیس ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 6روز کی توسیع کر د ی ،اسلام آ باد کی احتساب عدالت نے لوک ورثہ کے فنڈز میں خوردبرد سے قومی خزانے کو تین کروڑ روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد سمیت دیگر ملزمان پر23 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتارتین ملزمان خورشید انور جمالی، سید عارف علی اور سید آصف محمودکے جسمانی ریمانڈمیں توسیع کردی۔ جج محمدبشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتارعلی اکبر ابڑو کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے نیب کو تفتیش مکمل کرنیکی ہدایت کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کار کے رینٹل پاور کیس میں ملزم لئیق احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر نیب کی طرف سے جواب کے لئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کر دی ہے ۔