لاہور ( اپنے خبر نگار سے ) وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن آفس میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکائکو صوبہ بھر میں دو سالہ ڈگری کے خاتمہ اور چار سالہ گریجوایشن پروگرام کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ راجہ یاسر ہمایوں ے کہا کہ جلد بازی میں طلبہ کا نقصان نہیں کرنا چاہتے ۔ڈگری کا معیار برقرار رکھنے کے لئے یونیورسٹیز کو کمیونیٹی کالجز کی مانیٹرنگ کرنا ہو گی۔ ڈویژنل سطح پر کالجز کو متعلقہ یونیورسٹیز کے ساتھ الحاق کیا جائے گا جس سے فیکلٹی اور انتظامی امور احسن انداز میں حل کئے جا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ڈگری کا مقصد گھر کے قریب سستی اور جاب مارکیٹ کے مطابق علم کی فراہمی ہے ۔ اسکے علاوہ ذہین طلبہ ایسوسی ایٹ ڈگری کے بعد اپنے کریڈٹ آورز چار سالہ ڈگری میں شامل کر ا سکیں گے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر راحیل صدیقی، سپیشل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، ایڈیشنل سیکرٹری طارق حمید بھٹی، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے شرکت کی ۔ چیئر مین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل خالد اور سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔