اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ سی پیک مغربی روٹ اب خواب نہیں بلکہ حقیقت ہے ،ملک کو ترقی یافتہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے جس کیلئے پہلے اداروں میں بدعنوانی ختم کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں 1275 کلومیٹر سڑکوں کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔ موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹرزمیں خطاب میں وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت بنی تو کوئی ادارہ ایسا نہ تھا جو پرافٹ میں ہو، تمام ادارے خسارے میں تھے ،سب سے زیادہ خسارے میں این ایچ اے تھا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور میں سی پیک میں 510 کلومیٹر سڑکوں کا آغاز ہوا، ہم 1275 کلومیٹر سڑکوں کا آغاز کرینگے ،مشکل مرحلہ گزرگیا ، برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ملک میں سڑکو ں کے معیار کو بہتربنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی لا رہے ہیں۔بعدازاں میڈیا سے گفتگومیں مرادسعید نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن اسلام کیلئے نہیں اسلام آبادکیلئے نکل رہے ہیں ،ماضی کی حکومتوں کی جانب سے لیاگیا دس ارب ڈالر کا قرضہ واپس کر دیا ، ہم نہ کھاتے ہیں نہ کھانے دیتے ہیں ، جو کھا چکے وہ بھی نکلواناہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست لوگوں کی ذمہ دار ہے ،کوئی ریاست میں بھوکا نہیں سوئے گا ۔ فضل الرحمن کشمیر کمیٹی کے سربراہ تھے لیکن کبھی انکے منہ سے کشمیر کا نام نہ سنا ۔