لاہور (اپنے رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ ہفتہ شان رحمت للعالمین کا انعقاد پورے تزک و احتشام کے ساتھ صوبے کے طول و عرض میں جاری ہے ۔ پانچویں روز بھی جگہ جگہ رحمت عالمؐ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے محافل برپا کی گئیں اور فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کی بدولت تمام اضلاع، ڈویژنز اور تحصیل کی سطح پر مختلف محکموں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے ان تقریبات کے انعقاد میں متحرک کردار ادا کیا اور مذہبی جوش و جذبے سے ان محافل میں شرکت کی۔لاہور میں کمشنر آفس اور جی سی یونیورسٹی کے زیراہتمام بخاری آڈیٹوریم میں تقریری مقابلہ ہوا جس میں کمشنر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ٹاؤن ہال میں سیرت النبی ؐکے حوالے سے کانفرنس و بیان کا انعقاد کیا گیا ۔ صوبائی وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کی ہدایت پر کیمپ جیل لاہور میں سیرت کانفرنس منعقد کی گئی۔ادھر سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ ہفتہ جشن رحمت للعالمین ؐکے چھٹے روز آج داتا دربار پر محفل سماع ، ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن کے زیراہتمام مقابلہ نعت خوانی ، قصورمیں سیرت النبیؐ کانفرنس اور دربار بابابلھے شاہ میں محفل میلاد ، کوٹ راداکشن میں سیرت کانفرنس ، ننکانہ صاحب میں خواتین کا مقابلہ حسن قرات ہوگا۔خانیوال ، وہاڑی ، بہاولپور ، رحیم یار خان ، لودھراں ،میلسی ، فیصل آباد، جھنگ ، ساہیوال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، پاکپتن ، اوکاڑہ ،سرگودھا ، مظفر گڑھ ، ڈی جی خان ، لیہ ، ٹیکسلا، واہ کینٹ اور دیگر شہروں میں کانفرنسیں ، محافل میلاد اور تقریری مقابلے ہونگے ۔ دریں اثنا نمائندگان92 نیوز کے مطابق حافظ آباد ،قصور، کنگن پور، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، اوکاڑہ، بورے والا، پاکپتن، پھالیہ ، رینالہ خورد ، حجرہ شاہ مقیم ، حویلی لکھا ،دیپالپور ، حافظ آباد ،کنگن پور ،فیصل آباد ، سرگودھا ، بہاولنگر ، وہاڑی اور چکوال میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔