لاہور،گوجرانوالہ(خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور عمائدین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر شروع ہو چکا ، سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث معیشت کا بیڑا غرق ہوا، تبدیلی سے خائف عناصرکو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی کریں گے ، احتجاج کا واویلا کرنے والوں کے پاس کوئی ایجنڈاہے نہ فلاح عامہ کا کوئی پروگرام اور یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے ،ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو کل لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور معززمہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔علاوہ ازیں غربت کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ غربت معاشرے میں بگاڑ کا بڑا سبب ہے ،غربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے ، معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے چودھری عبدالجبار کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کل بروز جمعتہ المبارک صبح 11بجے سرکٹ ہاؤس میں مستحق افراد میں انصاف صحت کارڈ ز تقسیم کرینگے ۔ وزیراعلیٰ کے دورہ کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ تیزی کیساتھ تیاریاں مکمل کررہی ہے ۔