لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) نیب نے مریم نواز کیخلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے مریم نواز کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری شروع کردی ہے ،نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنی آمدن سے زیادہ اخراجات کئے ،انہوں نے 2008 میں اثاثوں کی مالیت 68 لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ 2008 میں 40 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے ، شمیم شوگر ملز ایک ارب20کروڑروپے میں خریدی گئی۔ادھر نیب نے حمزہ شہباز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں شامل تفتیش کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے حمزہ شہباز سے چوہدری شوگر مل میں شئیرز، انوسٹمنٹ، بیرون ملک منتقل ہونے والی رقم سے متعلق سوالات کئے گئے ۔ حمزہ شہباز سے پوچھا گیا کہ ملز کی رقم کس اکاؤنٹ میں آتی تھی اور انہوں نے الیکشن کمشن میں ملز کے شئیرز کیوں نہیں ظاہر کئے ،حمزہ شہباز کی آئندہ پیشی پر نیب اپنی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائے گا۔