اسلام آباد( سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی گرفتاریاں ہوگئیں، اﷲ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جو دو گھنٹوں تک جاری رہا۔اجلاس میں بجٹ 2019-20ء کی توثیق کی گئی اور وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بجٹ تجاویز 2019-20ء کے چیدہ چیدہ نکات سے ارکان کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں پاک فوج کی طرف سے بجٹ میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا گیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ دیگر اداروں میں بھی اس روایت کی پاسداری کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری کا بھی تذکرہ رہا۔وزیراعظم کو بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا بڑی گرفتاریاں ہوگئیں، اﷲ تعالی کو پاکستان پر رحم آ گیا ہے ،جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمارے بیانیے کوتقویت ملے گی۔مہذب معاشروں میں چھوٹے بڑوں کیلئے الگ قانون نہیں ہوتا،نیا پاکستان میں سب کیلئے یکساں قانون ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا چھوٹے طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی مراعات رکھ رہے ہیں، سماجی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز نہ جاری ہونے کا شکوہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہابہت جلد ارکان اسمبلی کے حلقوں کیلئے فنڈز جاری کردیں گے ۔