لاہور(جوادآراعوان)پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرتے ہوئے بھارت کی ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں پراکسی وار شروع کرنے کی ابتدائی کوشش ناکام بنادی،کالعدم تنظیموں کے بلوچستان سے دہشتگرد آپریشنز لانچ کرنے کیلئے ایکٹو سلیپر سیلز جنوبی پنجاب میں سپاٹ کئے جانے کے بعد پکڑ لئے گئے جبکہ ان سے جڑے سہولت کار اور دیگر عناصر کو پکڑنے کے لئے فیلڈ آپریشنز جاری ہیں۔ٹاپ آفیشلز نے فیلڈ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر روزنامہ 92نیوز کو بتایا ہے کہ کالعدم تنظیمیں داعش،ٹی ٹی پی اور لشکر جھنگوی افغان صوبہ قندھار سے آپریٹ کر رہی ہیں اور ان کے سلیپر سیلز بلوچستان میں موجود ہیں، انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف پراکسی وار کو ملک کے سب سے بڑے صوبے میں شروع کرنے کی کوشش میں ہے لیکن اس کا ابتدائی ایکشن ناکام بنا دیا گیا ہے ،پاکستان مخالف آپریشنز کے لئے بھارتی ایجنسی را کے انڈر کور آپریٹرز کی زاہدان میں قائم قونصل خانے سے مشکوک کارروائیوں کی رپورٹس بھی مل رہی ہیں،جبکہ قندھار میں بھارتی ایجنسی افغان سکیورٹی سروس این ڈی ایس کے سیف ہائوس بھی ان کارروائیوں کے لئے استعمال کر رہی ہے ۔پریمیئر انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی ایجنسی را کی جانب سے بلوچستان میں موجود کالعدم تنظیموں کے ایکٹو سلیپر سیلز کو پنجاب میں دہشتگردی لانچ کرنے کیلئے ہدایات سے متعلق میسیج انٹرسیپٹ کئے تھے ، جس سے پتا چلا کہ بھارت پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں دہشتگردی کی پلاننگ کر رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان سلیپر سیلز کو ڈیرہ غازی خان ،بہالپور ،بہاولنگر اور رحیم یار خان سے پکڑ لیا گیا جبکہ ان میں سے چارمارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ بھارت نے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں بدامنی پھیلانے کے منصوبے کی پلاننگ کاآغاز پی ایس ایل کرکٹ سیریز کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش سے کیا ، پریمیئر انٹیلی جنس اداروں کی ’’قابل عمل اور بروقت انفارمیشن‘‘ کی وجہ سے بھارت ناکام ہو گیا۔انہوں نے بتایا بھارت کی پراکسی وار کو پنجاب میں کاونٹر کرنے کیلئے آپریشنز جاری ہیں۔