لاہور،پشاور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ)آج ملک بھر میں ہندوبرادری دیوالی جبکہ سکھ برادی دیپ مالا کا تہوار منائے گی۔ تاہم دونوں برادریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانیت سو ز سلوک کے خلاف اپنے تہوار سادگی سے منانے اور یوم سیاہ کی تقاریب میں بھرپور شرکت کااعلان کیا ہے ۔روزنامہ ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کے پیش نظر ہم اپنا سالانہ خوشیوں اور روشنیوں کا تہوار سادگی سے منائیں گے ۔ ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر منور چاند نے کہا کہ ہندو روایات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیوالی کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ،آج متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام’’دیوالی ‘‘ کی مرکزی تقاریب منعقد ہوں گی۔ تاہم مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں ہم دیوالی کا تہوار سادگی سے منائیں گے ۔کشمیریوں کے لئے 27 اکتوبر 1947 کا دن کسی ڈراونے خواب سے کم نہیں۔خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو نہ صرف پاکستان بھر میں سرکاری سطح بلکہ اقوام عالم میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں حکومت پاکستان کی جانب سے یوم سیاہ منا نے کا مقصد نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا ہے ۔بلا شبہ ماضی کی نسبت حکومت کی مؤثر سفارتکاری کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر ہو رہا ہے حکومت کی متحرک سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔پوری قوم یک زبان ہے ۔ جنت نظیر وادی پر بھارتی تسلط کے خلاف تمام مسالک کے علماء مشائخ اور تمام مذہب کے پیروکار یک زبان ہیں۔ دیوالی کے سلسلہ میں شہریوں نے اشیاء کی خریداری شروع کردی ہے جبکہ مندروں اور گھروں کوخوبصورتی کے ساتھ سجادیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے پاکستان میں بسنے والے تمام ہندو شہریوں کو دیوالی کی مبارکباددی ہے ۔