فیصل آباد (نیوزرپورٹر) پی آئی اے کو اگلے تین سال کے دوران پاکستان کافخر بناکردم لیں گے ، 32 جہازوں میں سے صرف 6 سے آمدن ہورہی ہے ، 9 ہوائی جہاز قابل استعمال حالت میں ہونے کے باوجود 9 ماہ سے بے کار تھے جنہیں آپریشنل فلیٹ میں شامل کرلیاگیاہے ۔یہ بات پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد محمود ملک (ستارہ امتیاز ملٹری )نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس سلسلے میں دو مرحلوں میں حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ، پہلے مرحلے میں معمول کے آپریشن کو مکمل طورپر بحال کرکے دوسرے مرحلے میں اس کو منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا ، انہوں نے بتایا کہ اس وقت پوری فضائیہ ان کے ساتھ ہے اور انہوں نے چھ حاضر سروس ایئر کموڈراورایک سکواڈرن لیڈراورکو پی آئی اے کے سات مختلف شعبوں کی ذمہ داری بھی سونپی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پی آئی اے کو 3ارب روپے ماہانہ کا خسارہ ہور ہا ہے اس کے پاس 32جہاز ہیں جن میں سے صرف چھ سے آمدن ہورہی ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مزید9جہاز قابل استعمال حالت میں تھے مگر بد قسمتی سے انہیں نو ماہ سے بے کار چھوڑا ہو ا تھا۔اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ فیصل آباد آبادی کے لحاظ سے ملک کا تیسرا جبکہ ریونیو جنریشن کے حساب سے دوسرا بڑا شہر ہے ۔ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ملک کی 55فیصد ضروریات یہ شہر پورا کر رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اس کا حصہ 45فیصد ہے ۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس ،ڈاکٹر خرم طارق، نائب صدر ایف سی سی آئی انجینئر احتشام جاوید، میاں آفتاب احمد، میاں محمد لطیف، چوہدری محمد اصغر، میاں کاشف ضیاء ، انجینئر رضوان اشرف ، شبیر حسین چاولہ اور شاہد احمد شیخ نے حصہ لیا۔ پی آئی اے کے سی ای اوایئر مارشل ارشد محمود فیصل آباد چیمبر کے پی آئی اے کو جہاز لے کردینے سے فوری طورپر پہلی کارگو سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد سے جدہ کیلئے 15فروری سے تین براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی جس کے لئے اگلے ہفتے سول ایوی ایشن کی ٹیم فیصل آباد ایئر پورٹ کا دورہ کرے گی۔