سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کہا ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں کینسر کے مریض بچوں کے علاج معالجہ کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ریڈیالوجی تھراپی یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلہ میں سمری حکومت کو بھجوائی جائیگی۔ بچوں کے علاج معالجہ کیلئے چلڈرن ہسپتال لاہور اچھی شہرت کا حامل ہے لیکن کینسر کے مریض بچوں کے لیے ہمارے دیگر سرکاری ہسپتالوں اور طبی مراکز میں حکومتی سطح پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کسی بھی قسم کا علاج معالجہ غریب لوگوں کے بس میں نہیں۔ گزشتہ برسوں میں بچوں میں دل کے امراض کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ امراض قلب کے مریض بچوں کو پانچ سال تک کی تاریخ دی جاتی ہے۔ دوسری طرف لاکھوںں بچے خون اور غذاکی کمی کا شکار ہیں۔ ایسی صورتحال میں سرکاری ہسپتالوں میں شعبہ ہائے اطفال قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میںخون کی کمی،امراض قلب اور کینسر کے مریض بچوں کے خصوصی یونٹ قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بچے خاندان اور سرکاری سطح پر خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، ان کی صحت، غذا،تعلیم اور تفریح کے لیے وفاقی اور صوبائی بجٹ میں خصوصی رقوم مختص کی جانی چاہئیں۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے علاج کے لیے ریڈیالوجی تھراپی یونٹ کے قیام کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ ہر سرکاری ہسپتال میں ایسے یونٹ قائم کرنے چاہیئں تا کہ والدین کو اپنے بچوںکے علاج معالجہ کے لیے طویل انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔