اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی جگہ پر کسٹم اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم کی صدارت میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا،خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں سرحدی چوکیوں کو بہتر بنایا جائیگا،سرحدی چوکیوں پر پہلے مختلف اداروں کے اہلکار تعینات تھے ، اب ان مختلف اداروں کے حوالے سے مربوط نظام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،وزیراعظم نے اجلاس میں کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی جگہ پر کسٹم اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا،اعدادو شماور اور ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا،ایران اور افغانستان کیساتھ سرحدی چوکیوں کو مربوط نظام سے منسلک کیا جائیگا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا سرحدی علاقوں میں غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کو متبادل روزگار فراہم کیا جائیگا، اقتصادی زونز کو ٹیکس فری قرار دیکر صنعتکاروں کو مراعات دی جائیں گی،سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے ، افواج کیساتھ ملکر سمگلنگ کیخلاف جامع حکمت عملی پر عملدرآمد ہوگا،نیشنل ایکشن پلان کے تحت مسلح جتھے بنانا خلاف قانون ہے ۔ فردوس عاشق نے کہا جہاں تشدد اور نفرت پر مبنی بیانیہ ملوث ہوگا تو قانون حرکت میں آئیگا،پاکستان کو اس وقت امن و سیاسی استحکام کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ،کسی کو بھی ملکی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،میڈیا کسی زیرو کو ہیرو بناکر پیش کرنے سے گریز کرے ۔علاوہ ازیں ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا کے حکومت کو گھر بھیجنے کے ارمان دیوانے کی بڑھکیں ہیں،ریاست کو حق ہے وہ ڈنڈا اٹھائے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کرے ۔انہوں نے کہا سیاسی پنجہ آزمائی کا حل بھی سیاسی ہی ہوتا ہے ۔ مزیدبرآں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارے نوجوان قوم کا روشن مستقبل اور ملک کو عظیم تر بنانے کی امید ہیں، ان کی معاشی فلاح، ترقی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے ۔