مکرمی ! جذبہ خدمت خلق سے معمور وطن عزیز کے عظیم سپوت لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کو پائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائیک مدثر شہید کی بہادری اور شجاعت کوپوری قوم سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے اپنی جانیں بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے وار دیں کر دیں اور انسانی خدمت کی روشن مثال قائم کر دی ہے ۔بلاشبہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک اور قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ اس سبز ہلالی پرچم کی سربلندی اور پاک دھرتی کی حفاظت کے لئے ہمارے جوانوں اور آفیسرز نے اپنا خون بہانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ شہیدوں کی یہ قربانیاں پاک فوج کے جذبے کو کمزور نہیں پڑنے دیں گی۔ ہر شہید ہونے والا فوجی اپنے ساتھیوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ ابھی کام ختم نہیں ہوا۔ ابھی قربانیوں کا یہ سفر جاری ہے۔اور شہیدوں کا خون ہم سب سے اس بات کا مطالبہ کرتا ہے کہ ہم انہیں اور ان کی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہ کریں جو انہوں نے مادر وطن کے لئے دی ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاک فوج کے جوانوں نے سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اندرون ملک آنے والی قدرتی آفات میں بھی عوام کی امداد و بحالی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیتے ہوئے لازوال قربانیاں پیش کیں جو قابل تحسین ہیں ۔ (بشریٰ نسیم )