لاہور (خصوصی نمائندہ،صباح نیوز)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ غیر متحدہ اپوزیشن جتنی مرضی ایڑھیا ں رگڑ لے ، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی صفوں میں پھوٹ اور ایک دوسرے پر بے اعتباری سب کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ایک دفعہ پھر آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے متحدہ اپوزیشن اور عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کرنے جا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن ایسے سیاسی پیراسائٹ ہیں جو اپنے مہربان کا خون چوس کر چھوڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا تھالی کے بینگن کے مصداق کبھی ایک کبھی دوسری پارٹی کی جانب لڑھک جاتے ہیں، مولانا شاید یہ حقیقت ماننے کو تیار نہیں کہ انکا سیاسی کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چکا۔ مولانا کو ہر اے پی سی میں جگ ہنسائی اور رسوائی ہی ملی ۔