اسلام آباد (وقائع نگار) کراچی سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ذرائع کے مطابق نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی سے لاہور آ رہی تھی کہ خراب موسم کے باعث جہاز بادلوں میں پھنس گیا۔ خراب موسم میں جہاز ائیرپاکٹ ( فضا میں ہوا کے کم دباؤ والے حصہ) میں چلا گیا تاہم جہاز کے پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو ایئرپاکٹ سے نکال لیا اورجہاز کو ہنگامی طور پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جہاز اور تمام مسافر محفوظ رہے ۔ نجی ائیرلائن کا جہاز مسافروں کو لے کر گزشتہ روز کراچی سے لاہور آ رہا تھا۔ دوسری جانب خراب موسم کے باعث لاہور اور کراچی سے اسلام آباد آنے والی2پروازوں کو لینڈنگ سے روک کر واپس بھیج دیا گیا۔