کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد منگل کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پرخریداری کی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 114.23پوائنٹس اضافے سے 33198.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ54.65فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیاجس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں29ارب55کروڑ روپے بڑھ گئے تاہم کاروباری حجم پیر کی نسبت 35.82 فیصدکم رہا۔گزشتہ روز سیاسی افق پر بے یقینی،فروخت کے دباؤاورپرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرکے ایس ای 100 انڈیکس 32958 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے کیمکل، توانائی، فرٹیلائزر، سیمنٹ اوردیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پرخریداری کی گئی جس کے نتیجے میں مندی اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 33240پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیابعد میں مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکالیکن تیزی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 114.23پوائنٹس اضافے سے 33198.96 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 55.78 پوائنٹس اضافے سے 15487.23 پوائنٹس ، کے ایم آئی30انڈیکس228.23پوائنٹس اضافے سے 53502.87پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 109.97پوائنٹس اضافے سے 24094.49پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 344کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 188کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 135 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 21 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔