ملتان، لاہور (جنرل رپورٹر، سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی 20کپ کی دفاعی چیمپئن نادرن نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں خیبر پختونخوا کو چاروں شانے چت کردیا۔ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنیوالی دفاعی چیمپئن نادرن کے 243رنز کے جواب میں خیبر پختونخوا 9وکٹوں پر 163رنز بنا سکی۔90رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے نادرن کے حیدر علی مین آف دی میچ قرار پائے ۔تجربہ کار بیٹسمینوں شعیب ملک،محمد حفیظ اور جارح مزاج فخز زمان کی موجودگی بھی خیبر پختونخواہ کو شکست سے نہ بچا سکی۔فخر زمان 5رنز،محمد حفیظ 6رنزاور شعیب ملک 20رنز بنا پائے ۔فاتح ٹیم نادرن کے بائولرزموسی خان نے 3،محمد نواز،سہیل تنویر نے دو دو،حارث رئوف اور کپتان شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں نادرن کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تواوپنر ذیشان اشرف اور ون ڈائون بلے باز حیدرعلی کے مابین دوسری وکٹ کیلئے 180رنز کی جارحانہ شراکت کی بدولت نادرن الیون نے مقررہ 20اوورز میں 243رنز کا مجموعہ 3وکٹیں کھو کر سجایا۔ حیدرعلی نے 90رنز اور ذیشان اشرف نے 77رنز بنائے ۔ علی عمران نے 21 رنز بنائے ۔۔خیبرپختونخوا کے کامیاب ترین بائولر جنیدخان نے کوٹہ کے 4اوورز میں 2وکٹوں کیلئے 44رنز کی پٹائی برداشت کی۔شاہین آفریدی 4اوورز میں 38رنز کے عوض ایک آئوٹ کر پائے ۔سب سے مہنگے ترین بائولر وہاب ریاض کو 3اوورزمیں 51رنز، عثمان شنواری کو4اوورز میں 44رنز،فخرزمان کو 2اوورز میں 28رنز اورمحمد محسن کو 3اوورز میں 28رنز کے بدلے کوئی وکٹ نہ مل سکی۔