کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب سے ہو گیا جس میں فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیاجبکہ افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو3وکٹوں سے شکست دے دی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں پی ایس ایل کا سورج طلوع ہوگیا ۔ لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس میں سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف گلوکار اور کمپیئر فخر عالم نے انجام دیے ۔اس کے بعد سٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی۔اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ہمیں پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی دی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17مارچ 2019 کو ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم پورا سال ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہوگا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کردیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہوگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔اس کے بعد صنم ماروی،سوچ بینڈ اور فرید ایاز قوال نے تقریب میں صوفیانہ کلام پیش کیا جس کے بعد سجاد علی اور آئمہ بیگ نے فن کے جوہر دکھائے جبکہ ابرار الحق نے بھی اپنے روایتی انداز سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔تقریب میں راحت فتح علی خان کے بعد اختتامی لمحات میں عارف لوہار، عاصم اظہر ، ہارون اور علی عظمت نے پی ایس ایل کے آفیشل گانے 'تیار ہیں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے شائقین کے دل جیت لیے ۔تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار اور دلفریب مظاہرہ کیا گیا۔لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کانٹے کے مقابلے میں 3 وکٹوں سے شکست دی۔ سرفراز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ اسلام آباد نے 19.1 اوورز میں 168 رنز بنائے ۔ ڈیوڈ میلان 64 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ کوئٹہ کی طرف سے محمد حسنین نے 4 وکٹیں لیں۔ جواب میں کوئٹہ نے ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ معین خان کے بیٹے اعظم خان نے شاندار 59 رنز بنائے ۔ یونائیٹڈ کی طرف سے موسیٰ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔