لاہور(سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز)ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر گزشتہ روزکورونا کے باعث شہید ہوگئے ۔ عامر ڈوگر چند روز سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ۔ 40 یوم قبل ان کے والد جبکہ دو روز قبل ان کی والدہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ شہیدعامر ڈوگر کے سوگواران میں ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ اس سے پہلے بھی لاہور پولیس میں 3 اہلکار ہیڈ کانسٹیبل شمس ، ہیڈ کانسٹیبل رمضان عالم اور انسپکٹر رائو جاوید فرض کی راہ میں شہید ہو گئے تھے ۔ عامر ڈوگر کی شہادت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز ڈاکٹر انعام وحید خان نے کہا ہے کہ عامر ڈوگر نہایت ایماندار، پروفیشنل اور بہترین پولیس آفیسر تھے اور اسی قابلیت کی بناء پر عامر ڈوگر کو انچارج سی آئی اے سول لائنزتعینات کیا گیا تھا۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید نے کہا ہے کہ لاہور پولیس میں اب تک 114 اہلکار و افسران کورونا کے باعث قرنطینہ ہوئے ہیں جبکہ 74 اہلکار اور افسران نے کورونا وائرس کو شکست دیتے ہوئے دوبارہ کمان سنبھال لی ہے ۔سی سی پی او لاہور نے کہا کورونا وائرس سے شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو جلد از جلد شہید پیکج دینے کی سفارش کی جائے گی۔