لا ہو ر (کر ائم ر پو ر ٹر )پاکستان کے دورے پر آئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے ) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جیریمی ڈئیر نے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل رانا عظیم اور سیکرٹری اطلاعات احتشام الحق بھی موجود تھے ۔ سی سی پی او نے جیریمی ڈئیر کی لاہور آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں لاہور پولیس کے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ورلڈ کرائم انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی درجہ بندی میں لاہور کو دنیا کے کئی بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے ۔ کرنٹ کرائم انڈیکس کے لحاظ سے لاہور اس وقت 243 ویں نمبر پر ہے ۔ 2019 کے وسط میں لاہور کا نمبر 201 تھا۔ پولیس کے اقدامات سے قلیل عرصے میں 42 پوائنٹس کی بہتری آئی۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ لاہور پولیس بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہے ۔ پاکستان بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی سیریز، کبڈی ورلڈ کپ کے بعد اب پی ایس ایل ایونٹ کے انعقاد کے لئے ہر ممکن سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے بیش بہا قربانیاں دیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ انتہا پسندی کے تدارک کے لئے میڈیا مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل آئی ایف جے جیریمی ڈئیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابی حوصلہ افزا ہے ۔ لاہور جیسے تاریخی شہر کا دورہ کرکے خوشی ہوئی۔