لاہور(انور حسین سمرائ) پنجاب حکومت کا نہری نظام میں بہتری اور پانی کی ٹیل انڈ کے کاشتکاروں تک رسائی کے لئے ایک ارب روپے کی لاگت سے 1317چھوٹی بڑی نہروں کی بھل صفائی کا پروگرام جاری ہے ۔ اس پروگرام کے تحت منگلا کمانڈ اور تربیلا کمانڈ کی نہروں کی ایک ماہ کے لئے بند کیا جائے گا۔ یہ مہم دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع کی گئی ہے جو اپریل تک جاری رہے گی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی محکمہ آبپاشی کے طرف سے جاری شیڈول کے مطابق صوبہ بھر کے نہری نظام کی سالانہ بندش کے بعد نہروں کی بھل صفائی ، تعمیرو مرمت اور توڑپھوڑ کی درستگی کے لئے کام جاری ہے ۔ اس مہم کے دوران صوبہ بھر کی زرعی زمین کو سہراب کرنے والی 1317چھوٹی بڑی نہروں کی پشتوں کی مرمت، بھل کی صفائی، لائنگ کی درستگی اور شگافوں کی مرمت کی جائے گی۔ محکمہ آبپاشی پنجاب نے اس کام کے لئے تمام 7زونز کے سربراہان کو ایک ارب کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔ یہ بھل صفائی تین مراحل میں کی جائے گی پہلے مرحلے میں منگلا کمانڈ کی نہروں میں بندش جاری ہے جبکہ دوسرے و تیسرے مرحلے میں تربیلا کمانڈ کی نہروں پر کام کیا جائے گا۔ بھل صفائی پر اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 29کروڑ کا لگایا گیا ہے جبکہ ایک ارب کے فنڈز جاری کردیے گئے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تمام مہم کو ذاتی طور پر مانیٹر کررہے ہیں تاکہ مرمت کا کام بہتر کوالٹی میں کیا جاسکے ۔