لاہور(جنرل رپورٹر) نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام تپ دق کی روک تھام میں کمیونٹی کی شرکت کو بھرپور بنانے کیلئے لاہور میں دور روزہ مشاورتی اجلاس جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں شروع ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر اورنگزیب، چاروں صوبوں کے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے سربراہان کے علاوہ عالمی ادارہ صحت ایمروریجن کے ہیڈ ڈاکٹر اختر، WHO جنیوا کی نمائندہ ڈاکٹر لینا ، مرسی کور کے نمائندے اور کمیونٹی ورکرز شرکت کر رہے ہیں۔افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹی بی کے مرض کے خاتمہ کیلئے کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے اور دو روزہ اجلاس کا مقصد بھی کمیونیکیشن مینجمنٹ کو بہتر بناکر تپ دق کے ایسے مریضوں تک پہنچنا ہے جو اب تک منظرعام پر نہیں آئے ۔ اجلاس کے پہلے دن چاروں صوبوں کے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے نمائندوں نے اپنے اپنے صوبوں میں تپ دق کے مرض کی روک تھام اور مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات اور اقدامات بارے پریزنٹیشنز دیں۔ اجلاس کے شرکاء گروپ ڈسکشنز کے بعد مسنگ ٹی بی مریضوں کی تلاش اور مرض کی روک تھام میں کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اپنی سفارشات پیش کریں گے ۔ اس موقع پر پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کی ڈائریکٹر ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے بارے آگاہی اور لوگوں میں اس مرض کے بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے ۔ اس وقت 12اضلاع میں LHWsتپ دق کے بارے گھر گھر پیغام پہنچا رہی ہیں جس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزیدبتایاکہ محکمہ مقامی حکومت کی خدمات بھی ٹی بی کے مرض کے بارے میں آگاہ فراہم کرنے کیلئے استعمال میں لائی جائیں گی۔ منیجر پارٹنرشپ ڈویلپمنٹ زبیراحمد نے بتایا کہ پنجاب میں مختلف محکموں اور اداروں کے ساتھ مل کر ٹی بی کے مرض کی تشخیص کیلئے سکریننگ کا عمل جاری ہے اور پنجاب میں 26ہزار صنعتی مزدوروں کی سکریننگ کی گئی ہے ۔ مزیدبرآں لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے تعاون سے دو ہزار وکلاء کی بھی سکریننگ کی گئی اور راولپنڈی میں مدارس کے طلبہ کی بھی سکریننگ کا پروگرام بھی شروع کر دیاگیا ہے اور ڈیرہ غازی خان ان میں سٹون کرشنگ کی صنعت سے وابستہ ورکروں کی بھی ٹی بی سکریننگ کی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ محرم کے بعد خصوصی ٹیمیں جنوبی پنجاب کے اضلاع کا دورہ کرکے کیمپ لگائیں گی۔ منیجر نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں تپ دق کے مرض کی تشخیص و علاج کی سہولیات دستیاب ہیں جن کے بارے میں معلومات اور آگاہی عوام تک پہنچانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی بھی ذمہ داری ہے تاکہ اس مرض پر مؤثر طورپر قابو پایاجاسکے ۔