کراچی(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ سلیکٹڈ تمہارا کھیل ختم ہوگیا ،میرا سوال بدستور اپنی جگہ پر موجود ہے کہ کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی ؟ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اب امپائرکی انگلی چلے گی ، نہ جعلی تبدیلی،اب صرف عوام کی مرضی چلے گی۔اپنے بیان کے ساتھ بلاول بھٹو نے اپنی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جو سلیکٹڈ ہیں میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو امپائر کی انگلی پسند آئی اور جنہوں نے سلیکٹ کیا میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ آپ کو تبدیلی پسند آئی ؟۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین ضلع کونسل سلمان عبداللہ مراد نے ملاقات کی اورکہا کہ جیالوں کا کام عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے ، جیالے شب و روز خدمت کا سفر جاری رکھیں وہ عام آدمی کے معیار زندگی کی بہتری کیلئے کام کریں،ملاقات میں پارٹی قیادت کو درپیش مسائل سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔