ڈیرہ غازی خان، ملتان(ڈسٹرکٹ رپورٹر، اے پی پی)منفرد لب و لہجہ کے شاعر سید محسن نقوی کی 23ویں برسی آج منائی جائے گی۔ ملک کے سماجی و ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا جس میں انہیں ادبی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ محسن نقوی 5مئی 1945 کو ڈیرہ غازی خا ن میں پیدا ہوئے ، اصل نام غلام عباس تھا۔ 1970 میں گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان سے ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔ان کا پہلا شعری مجموعہ بند قبا 1970ء میں شائع ہوا، دیگر مجموعوں میں موج ادراک، ردائے خواب، ریزہ حرف، عذاب دید، طلوع اشک ، رخت شب اور برگ صحرا شامل ہیں۔محسن نقوی کو 1994ء میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔محسن نقوی کو 15 جنوری 1996ء میں لاہور میں قتل کر دیا گیا تھا۔