ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )مکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زورداردھماکہ، خاتون سمیت تین بچے جھلس گئے ۔ریسکیو نے آگ پر قابو پاکر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں واقع شاہ سکندر روڈ اللہ آباد کالونی میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے نجمہ مائی اور اس کے دو بیٹے اور ایک بیٹی جھلس گئے ۔ریسکیو کے فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ہوئے زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کردیا۔ اس موقع پر عینی شاہدین نے کہاگیس سلنڈر پھٹنے کی آواز اسقدر خوفناک تھی کہ جسے سن کر اردگرد کے رہائشی ورد کرتے ہوئے خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ مشیر صحت حنیف پتافی مکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زخمی ہونے والی ماں اور اسکے تین بچوں کے جھلسنے کی اطلاع ملتے ہی ٹراما سینٹر پہنچ گئے ۔انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ۔