صنعائ(مانیٹرن ڈیسک)یمن میں آئینی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ اس معاہدے کے تحت دونوں فریق مجموعی طور پر 1081 قیدیوں کا تبادلہ کریں گے ۔العربیہ کے مطابق اسٹاک ہوم میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں قائم کی گئی مشترکہ کمیٹی نے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرایا ہے ۔یمنی حکومت کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ حکومت نے حوثی باغیوں کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت حکومت اپنے ہاں قید کیے گئے حوثیوں کے 681 عناصرکو رہا کرے گی جب کہ حوثی 400 حکومتی افراد کو رہا کریں گے ۔گذشتہ بدھ کو یمنی حکومت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنیوا میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت کے لیے حکومت کا وفد روانہ ہو گیا ہے ۔ یہ وفد اقوام متحدہ کی زیرنگرانی قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے حوثیوں سے مذاکرات کرے گا۔یمنی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے تیسرے مذاکرات اردن کی میزبانی میں ہوں گے جن میں اگلے مرحلے میں مزید 1420 قیدیوںکی رہائی متوقع ہے ۔