بھکر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ،این این آئی ) سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہوئی تو حکومت گھر چلی جائے گی حکومت کو عوامی حمایت سے گھر بھیجیں گے ،اگر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی اپنے کیے پر نادم ہیں تو پی ڈی ایم کے دروازے کھلے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف مہم کے لئے تمام آپشنز کھلے ہیں، حکومتی اقدامات سے نہیں بلکہ کورونا کی وجہ سے ملنے والی رقم کے باعث معیشت بہتر ہوئی ،کسی ادارے کی مدد سے ہم حکومت کو گھر نہیں بھجوائیں گے ۔ اسلام آباد،کراچی(خبر نگار خصوصی ، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ ملک میں احتساب کا دوغلا نظام ہے ، وزیراعظم رائیونڈ کا ہو تو سزا کے باوجود لندن بھیج دیا جاتا ہے ، ہم کہیں جا کر نہیں کہتے کہ حکومت کو گرا دیں ، عوام خود آپ کو لات مار کر باہر نکال دیں گے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر الزام لگے تو کچھ نہیں ہوتا، رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود باہر بھیج دیا گیا، یہ احتساب نہیں، پولیٹیکل انجینئرنگ ، سیاسی انتقام ہے ،وزیراعظم کی بہن پر الزام لگے تو کچھ نہ ہو، دوستوں پر الزام لگے تو وہ جیل نہیں جاتے ، قائد حزب اختلاف پنجاب سے ہو تو ضمانت مل جاتی ہے ، قائد حزب اختلاف سندھ سے ہو تو جیل میں ہوتا ہے ، وزیراعظم کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں، استعفے پر ن لیگ والے سچے تھے تو یہ اگلے دن استعفے دیتے ، شہباز شریف کو دعوت دیتا ہوں کہ پیپلزپارٹی کے سارے ارکان آپ کے حوالے بجٹ کو ناکام بنائیں، صحافی کے سوال کہ کیا حکومت اور ن لیگ میں ڈیل ہو رہی ہے کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دال میں کچھ تو کالا لگتا ہے جبکہ بلاول نے وزیراعظم سے کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے عالمی اداروں کے فنڈز کا حساب مانگ لیا۔ بیان میں کہا ہے کہ بتا یا جائے کہ یہ فنڈ کہاں خرچ ہوا ، پی ٹی آئی حکومت آڈیٹر جنرل رپورٹ کے اعداد و شمار میں ہیر پھیر کی کوششوں کو بند کرکے فی الفور آڈٹ رپورٹ کا اجرا کرے ۔دریں اثنا بلاول سے راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کی ، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال ،بجٹ پر بات چیت کی گئی۔