اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان نے سندھ کے علاقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز سامنے آنے کے بعد مرض کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت(ڈبلیوایچ او) سے تعاون مانگ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیر صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے ڈبلیو ایچ او کوبھیجے گئے مراسلے میں عالمی ادارہ صحت سے ماہرین کی ٹیم بھجوانے کی درخواست کر دی،مراسلے میں مزیدکہا گیا کہ ضلع لاڑکانہ میں ایڈز کے کیسز وبائی صورتحال اختیار کر چکے ہیں، ایڈز سے متاثرہ 500بچوں کی عمریں 2 تا 15 برس کے درمیان ہیں۔ڈبلیو ایچ او ایڈزسے متاثرہ علاقوں کیلئے اپنے ماہرین کی ٹیم فوری روانہ کرے اور ڈبلیو ایچ او ایچ آئی وی ایڈزکی 50 ہزار تشخیصی کٹس فوری فراہم کرے ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل عالمی اداروں نے پاکستان کو ایڈزکی روک تھام کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔