لاہور،اسلام آباد،ملتان، ہارون آباد،جلال پور پیروالہ ،چنی گوٹھ، میلسی،لیاقت پور،چیچہ وطنی، قطب پور (کامرس رپورٹر،لیڈی رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نمائند گان) جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں ، جس سے آم ، تربوز ، کپاس اور سبزیوں سمیت چارہ جات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کو بھگانے میں مصروف ہیں جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے بھی اس ضرر رساں کیڑے کے تدارک کے لئے سپرے کیا جا رہا ہے ۔ اب تک صوبہ بھر میں ایک لاکھ 33 ہزار ہیکٹرز رقبہ پر سپرے کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے ۔چنی گوٹھ کے علاقوں میں ٹڈی دل کا شدید حملہ فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ میلسی، ٹبہ سلطان پور اور گردونواح میں ٹڈی دل نے ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلات پر حملہ کرکے فصلوں کو تباہ کردیا۔ٹڈی دل نے تحصیل لیاقت پور کے چکوک عباسیہ اور ملحقہ علاقوں کابھی رخ کرلیا۔چک نمبر54ڈی این بی ،پل نمبر4چک51عباسیہ،چکوک 47،48،49،50عباسیہ تحصیل لیاقت پور کے علاوہ چنی گوٹھ سے ملحقہ چک واہمی پر ٹڈیوں کے لشکر نے بادل کی صورت اختیار کرلی۔ تحصیل چیچہ وطنی کے مختلف دیہاتوں میں ٹڈی دل کے شدید حملوں نے کپاس، مکئی او رچارے کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔قطب پور کے نواحی چکوک موضع نور گڑھ چک نمبر 313 ،چک نمبر 323،چک نمبر 311،چک نمبر334 اور دیگر سینکڑوں چکوک میں ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، کسان اپنی مدد اپنے تحت ٹین بجاکر اور شور مچا کر ٹڈی دل کو بھگانے میں مصروف ہیں ۔دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ملک میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن میں متاثرہ علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار ہیکٹرز سے زائد رقبہ پر سپرے کیا گیا ۔ ملک بھر کے 54 اضلاع ٹڈی دل کے حملہ سے متاثر ہیں۔ بلوچستان میں 28، خیبرپختونخوا میں 10، پنجاب میں 11 اور سندھ میں 5 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں سروے اور سپرے آپریشن جاری ہے ۔علاوہ ازیں وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ پاکستان سمیت دنیا کے 26 ممالک کو درپیش ہے ۔ پچھلے برس سعودیہ اور یمن میں بارشوں کی وجہ سے ایران کے راستے یہ کیڑا پاکستان میں داخل ہوا۔ پاک آرمی،محکمہ زراعت پنجاب، پی ڈی ایم اے ،ضلعی انتظامیہ پر مشتمل ٹیموں کے تحت مشترکہ کنٹرول آپریشن تا حال جاری ہے ۔