اسلام آباد (وقائع نگار، سپیشل رپورٹر) ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی،لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد کر دیں، متاثرہ کسان حسرت و یاس کے تصویر بن گئے ، حکومت سے مالی امداد کی اپیل کر دی، ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں ہیلپ لائنز کا آغاز ہو گیا، ٹڈی دل نے کھیت کے کھیت اجاڑ دیئے ، چاروں صوبوں کے درجنوں اضلاع بری طرح متاثر ہونے لگے ، لیہ میں ٹڈی دل نے ساڑھے 8 ہزار ایکٹر پر کپاس اور چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچایا، متاثرہ علاقوں کی سرویلنس کیلئے سرکاری اہلکاروں پر مشتمل بارہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، بھکر، کلورکوٹ میں بھی ٹڈی دل نے تباہی مچادی، انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہ ہونے پر کسان ڈھول بجا کر فصلوں کو کیڑے سے بچانے لگے ، رحیم یار خان اور قریبی علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ تیز ہوگیا، ہزاروں ایکڑ پر کاشت کپاس، چاول، چنا اور سبز چارے کو نقصان پہنچا۔ کسانوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کر دی، بہاولپور میں بھی مونگ پھلی، کپاس، خربوزہ، سبزیاں اور گنے کی فصلیں اجڑ گئیں۔ این ڈی ایم اے نے کووڈ ہیلپ لائن 6101111 0304 اور ٹڈی دل ہیلپ لائن 6201111 0304 کا آغاز کردیا، ان پر 24 گھنٹے رابطہ ہوسکتا ہے ، ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا مجموعی 4لاکھ 87ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ، 61 اضلاع میں ٹڈی دل ہے ، بلوچستان میں 31، خیبر پختونخواہ میں 10، پنجاب میں 9 اور سندھ میں 11 اضلاع متاثر ہوئے ، 1113 ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ، جھنگ انتظامیہ نے کامیاب آپریشن کے بعد فصلوں کو نقصان پہنچانے والی ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا، 400افراد نے مختلف طریقوں سے سپرے کر کے 37ہزار 908ایکڑ زمین کو ٹڈی دل سے پاک کیا ۔ فوڈ سیکیورٹی رسک کم کرنے کیلئے 5ہزار619لیٹر کیڑے مار دوائی کا استعمال کیا گیا۔