کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے میں حملہ آور ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق سے سپیشل ٹیم اورفضائی سپرے کے لیے جہازدینے کا مطالبہ کردیاہے ۔صوبائی وزیر اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل خیرپور،سانگھڑ، نوابشاہ، مٹیاری اور جام شورو میں ہے جس نے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو نشانہ بنارکھا ہے ۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق ہی کردار ادار کرسکتا ہے ۔اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے سپارکواوروفاق کو بھی سپرے کے لیے خط لکھ دیا ہے ، وفاق نے اگر سندھ میں ٹڈیوں کو نہ روکا تو یہ پنجاب کا بھی رخ کرسکتی ہیں،اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں ٹڈی دل کی نشا ندہی ہورہی ہے وہاں سندھ حکو مت نے فیلڈ ٹیم اور ایمرجنسی نافذ کردی ہے ،فصلوں پرسپرے بھی کیا جارہا ہے ،جہاں جہاں ٹڈیاں نظر آئیں لوگ انہیں پکڑ کر کھا بھی سکتے ہیں،ٹڈی جھینگے کی طرح ذائقے دار ہوتی ہے ۔