اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر نے کہاہے کہ 53 اضلاع کے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں 1125 سے زائد مشترکہ ٹیمیں مہم میں شامل ہیں ۔ جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ تقریباً 2.5 کروڑ ہیکٹر پر سروے کیا جا چکا ہے ،تقریباً 5لاکھ15ہزار600 ہیکٹر میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے ، پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 127417ہیکٹر ایریا پر سروے ،بھکر، میانوالی اور ڈی جی خان میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم، 110 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا ،آپریشن میں 2227 سے زائد افراد اور 279 سے زائد گاڑیاں شامل ہیں۔ ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل اسپرے کے علاوہ غیر روائتی طریقوں کا استعمال جاری ہے ۔ کاشتکار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع دینے اور مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے نمبرز پر رابطہ کریں جن میں 051-9274980-2، 051-111222999اور 03205800120-4شامل ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی، صباح نیوز)وفاقی وزیرغذائی تحفظ وتحقیق فخرامام نے کہاہے کہ انسداد ٹڈی دل کیلئے ہمیں372 ملین ڈالر کی ضرورت ہے ، انسداد ٹڈی دل کیلئے اگلے سال ابتدائی بجٹ تقریباً 20 ارب روپے ہے ۔ ورلڈ بینک نے ہمارے لئے 150 ملین ڈالر اور چین نے 4.9 ملین ڈالر گرانٹ مختص کی ہے ۔ وفاقی وزیر نے ٹڈی دل کے بارے میں آگاہ کرنے اور اس کے تدارک کیلئے مدد کرنے پر وزارت اطلاعات، پاک فوج اور آئی ایس پی آر کا شکریہ اداکیا ہے ۔راولپنڈی میں وفاقی وزیرغذائی تحفظ وتحقیق فخرامام اورانجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز کی زیر صدارت نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کا تیسرا اہم اجلاس ہوا ۔ صوبائی حکومتوں کے نمائندگان اور وزارت خارجہ کے عہدیدار وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔سید فخر امام نے کہاکہ چین نے ہمیں کیڑے مار ادویات کی بڑی کھیپ بھی مہیا کی ہے ، ٹڈی دل کے حملے کا پیمانہ اس سال زیادہ شدید ہے ، ہمارا عام کاشتکار متاثر ہو رہا ہے ،ہماری آرمی نے انسداد ٹڈی دل میں مدد کی ہے ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر سید فخر امام نے اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے گندم کی نظرثانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے ،چاروں صوبوں میں گندم کی پیداوار کا تخمینہ 25.457 ملین ٹن ہے ۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اب تک سرکاری شعبے نے 6.519 ملین ٹن کی مقدار خریدی ہے جو پچھلے سال کے 4.034 ملین ٹن کی خریداری شدہ مقدار سے 38 فیصد زائد ہے ۔پبلک سیکٹر نے اپنے مختص کردہ ہدف کا 79.23 فیصد حاصل کیا ہے جو 8.25 ملین ٹن ہے ۔کمیٹی نے کوویڈ 19 سے متعلق صورتحال اور صوبوں میں ٹڈی دل کے حملے کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر گندم کی مزید درآمد پر بھی غور کیا۔