مکرمی! نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ ٹڈی دل کی مختلف حالتوں کی تلفی کیلئے محکمہ زراعت پنجاب، پاک آرمی، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آپریشنز جاری ہیں۔ ڈی پی پی کے پاس 68ہزار میلاتھیان کا سٹاک بہاولپور میں موجود ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے پاس ایک لاکھ لٹر زرعی زہریں سٹاک میں موجود ہیں۔ ایک جدید ترین جہازPiper Brave ترکی سے حاصل کیا گیا ہے جو 500 لٹر زہر بیک وقت کیری کرکے 500ہیکٹرز پر سپرے کر سکتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب، پاک آرمی، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیموں کی بہترین حکمت عملی، سرولینس، بروقت کنٹرول آپریشن وی دیگر کارروائیوں سے صوبہ بھر میں اس وقت تک ٹڈی دل کا تقریباً خاتمہ کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر حکومت پنجاب کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ہنگامی حالت کا نفاذ اور اربوں روپے کی خطیر رقم کا اجرا کیا گیا ہے۔ پنجاب لوکسٹ کنٹرول پلان کا اجرا کیاگیا ہے۔ PDMA، تمام ڈویژنز اور اضلاع میں 24/7 کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔ پنجا ب ڈیزرٹ لوکسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور لوکسٹ سرولینس ڈیش بورڈ / GIS بیسڈ ایپلیکیشن کا اجرا کیا گیا ہے۔ گزشتہ جولائی سے لے کر اب تک ٹڈی دل کے حملہ سے پنجاب کے متاثرہ 26 اضلاع میں 2کروڑ ایکڑ سے زائد رقبے پر ٹڈی دل کی موثر نگرانی کی جاچکی ہے۔ اینٹی ٹڈی دل سکواڈ کی جانب سے جدید ترین آلات و مشینری کے ذریعے 8لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر زرعی ادویات کا سپرے کیا جاچکا ہے۔ ٹڈی دل کی موثر نگرانی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اپنا سرکاری ہیلی کاپٹر وقف کردیا گیا ہے۔ ٹڈی دل کی سرولینس اور کنٹرول آپریشن میں محکمہ زراعت کے 3ہزار سے زائد اہلکار و افسران حصہ لے رہے ہیں۔ محکمہ زراعت کی 328 گاڑیاں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ 2500 سے زائد جدید سپرے مشینری PDMAنے خرید کرکے فیلڈ میں محکمہ زراعت کے حوالے کی ہے۔ تمام اضلاع میں موضع لیول لوکسٹ کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ تمام لوکسٹ کنٹرول کمیٹیوں کو ٹڈی دل کی پہچان، سرولینس اور کنٹرول بارے تربیت بھی دی جاچکی ہے۔ تمام موضع جات کے نمبرداروں، پٹواریوں اور فیلڈ اسسٹنٹس کی اینڈرائیڈ ڈوائسز پر ٹڈی دل ایپ انسٹال کردی گئی ہے۔ اللہ کے فضل وکرم سے بہتر انداز میں ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کام ہو رہا ہے ،امید ہے کہ جلد ہی اس کا خاتمہ کر کے کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔ ( نوید عصمت‘ملتان)