گجرات (ویب ڈیسک) بھارت میں سیلابی ریلے کے ساتھ ایک مگرمچھ بھی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بھارتی ریاست گجرات کے علاقے احمد آباد میں ہونے والی مون سون بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آئی جس کے باعث سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔سیلابی ریلے میں لوگ کمر تک ڈوب گئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا، اسی دوران پانی میں ایک مگرمچھ کی موجودگی سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ریسکیو اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گھر کے نزدیک دیوار کے ساتھ کھڑے دو کتوں کی جانب ایک مگرمچھ بڑھ رہا ہے۔ اور وہ ایک کتے پر حملہ بھی کرتا ہے تاہم کتا بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوجاتا ہے ۔ریسکیو عملے نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو طلب کیا جنہوں نے دو گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد مگرمچھ کو پکڑا اور اسے چڑیا گھر کی انتظامیہ کے حوالے کیا۔