لاہور(اشرف مجید)محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے روٹ پرمٹ کی فیسوں میں 50فیصد تک اضافے کی سمری تیار کر کے پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہے ،یہ فیسیں ای کلاس ،بی کلاس اور ایم کلاس والی وہیکل کی بڑھائی جائیں گی ، منظوری کیبعد نئی فیسوں کا اطلاق ہو جائے گا ، ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے بجٹ سے قبل ہی روٹ پرمٹ فیسوں میں اضافے کی سمری تیار کر لی ہے تا کہ آئندہ بجٹ میں نئی فیسوں کے حوالے سے منظوری اورپنجاب حکومت کے ریونیو میں اضافہ ہو سکے ،محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جو سمری تیار کی گئی ہے اس میں اے کلاس سروس جو کہ ہائی ویز پر چلتی ہیں جس میں بسیں اور ویگنیں شامل ہیں انکی روٹ پرمٹ فیس جو کہ درخواست فیس کے ساتھ 1400بنتی ہے اسکو بڑھا کر 2100روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،اسی طرح بی کلاس کی روٹ پرمٹ فیس جو کہ 700روپے اور درخواست فیس 450ہے اسکی فیس اب 1150سے بڑھا کر 1700روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،ایم کلاس جو کہ موٹر وے براستہ گاڑیاں چلتی ہیں انکی روٹ پرمٹ فیس 2450روپے سے بڑھا کر 3625روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،یہ روٹ پرمٹ فیس ایک سال ہی ہو گی ،اسی طرح ٹیکسی کے روٹ پرمٹ فیس 1050روپے سے بڑھا کر 1500روپے کئے جائیں گے اور اگر پورے پنجاب کا روٹ لیا جائے گا تو فیس 5550سے بڑھا کر 8ہزار روپے ہو گی یہ فیس تین سال کے لئے ہو گی ،آٹو رکشہ کے روٹ پرمٹ فیس تین سال کی1050سے بڑھا کر1500روپے کی جائے گی جبکہ گڈز وہیکل کی پورے پنجاب کی تین سال کی فیس کو 4550سے بڑھا کر 6800روپے کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق سمری کو تیار کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے نئی فیسوں کا اطلاق آئندہ بجٹ کے بعد کیا جائے گا جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری سے ہو گا ۔