ملتان(سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے ۔کورونا کی تیسری لہر کو شدید قرار دیتے ہوئے ایک طرف تو میرج ہال ، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز کو بند کیا جارہا ہے تو دوسری طرف ڈپٹی کمشنر آفس میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔ پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے ڈی سی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت ندیم قریشی ، ممبران صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اخترانصاری، سلیم لابر طارق عبداللہ ، ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی ، اے ڈی سیز طیب خان، رانا اخلاق اور اے سی خواجہ عمیر محمود نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرتے ہوئے بغیر ماسک شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ، ارکان اسمبلی اور افسران سماجی فاصلوں کو بھول کر ایک دوسرے کو روایتی پگڑیاں پہناتے رہے ۔ ندیم قریشی نے کہا پنجاب کلچر ڈے منانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ قابل تعریف ہے ۔کلچر ڈے کا مطلب پوری دنیاکو اپنی ثقافت سے روشناس کرانا ہے ۔ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے کہا کورونا وباکی تیسری لہر کی وجہ سے لوک ورثہ میلہ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ادھر ترجمان وزیر اعلی پنجاب ایم پی اے سبین گل نے کہا ہے جشن بہاراں کی تقریبات معطل نہیں کی گئیں ، گھٹن زدہ ماحول میں عوام کو معیاری تفریح کی فراہمی کیلئے جشن بہاراں کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ نہ صرف مینا بازار بلکہ پھولوں کی نمائش بھی ہو گی اورشہر میں بگھیاں چلائی جائیں گی ۔