لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسلنے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آفیشلز کا اعلان کردیا ہے اور سیریز میں عالمی شہرت یافتہ آفیشلز امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دونوں ٹیسٹ میچوں کی سیریز 11 سے 23 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے ذریعے پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔11سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم، راولپنڈی میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں اینڈی پائی کرافٹ نبھائیں گے ۔ آن فیلڈ امپائرز کی ذمے داریاں رچرڈ کیٹل برو اور مائیکل گف نبھائیں گے ۔ میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ تھرڈ امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے ۔ 19 سے 23دسمبر تک جاری رہنے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے جیف کرو کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے جبکہ بروس اوکسن فورڈ اور جوئل ولسن آن فیلڈ امپائرزکی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ میں گریگری بریتھ ویٹ تھرڈ امپائر اور احسن رضا فورتھ امپائر ہوں گے ۔