دبئی( سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2019 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا جو 14 جولائی 2019 کو اختتام پذیر ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلامیے کے مطابق میگا ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اینڈ ویلز میں کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی صف اول کی 10 بہترین ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ کینگروز نے 2015 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو فائنل میں زیر کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 30 مئی کو افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم یکم جون کو افغانستان اور پاکستانی ٹیم 31 مئی کو کالی آندھی کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کے شیڈول کے تحت یہ ایونٹ 1992 میں منعقدہ ورلڈ کپ کے طرز پر کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں ایک، ایک میچ کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 46 روزہ ایونٹ میں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 48 میچز 11 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے ۔ ایونٹ میں صرف 7 میچز ڈے اینڈ نائٹ جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل سمیت تمام میچز ڈے ہوں گے ۔30 مئی کو افتتاحی میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا۔ پاکستانی ٹیم 31مئی کو ابتدائی میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مدمقابل ہو گی۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 3 جون کو انگلینڈ، تیسرا میچ 7 جون کو سری لنکا،، چوتھا میچ 12 جون کو کینگروز، پانچواں میچ 16 جون کو روایتی حریف بھارت، چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ،، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان جبکہ نواں اور آخری میچ 5 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ایونٹ کے سیمی فائنلز 9 اور 11 جولائی کو شیڈول ہیں۔