اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی کیلئے بجلی مہنگی کرنے ،کھاد پلانٹس کو گیس فراہمی اور انکم سپورٹ پروگرام کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی۔فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 89 پیسے تک مہنگی ہو جائیگی۔اجلاس میں گھریلو صارفین کو 74 ارب مالیت کی درآمدی ایل این جی کی فراہمی پر غور کیا گیا جبکہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کیلئے 4 ارب 59 کروڑ منظور ی دیدی گئی۔ سال کے آخر میں یوریا کے بفرسٹاک کو مقررہ سطح پربرقراررکھنے کیلئے ایس این جی پی ایل نیٹ ورک پر واقع بند کئے جانیوالے 2پلانٹس ایگری ٹیک اورفاطمہ فرٹیلائزرزکو جولائی سے لیکرستمبرتک3 ماہ کیلئے 756 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی شرح سے گیس فراہم کی جائیگی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کویہاں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو مالی سال 2020-21ئکیلئے مختص کردہ 200 ارب روپے بجٹ میں سے کسی صوبائی ،ضلعی یا علاقائی کوٹہ کے بغیر 37 لاکھ 25 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو نقد معاونت کیلئے 29.72 ارب روپے خرچ کرنے کی اجازت دیدی۔ این ٹی سی کے مالی سال 2020-21 ئکیلئے بجٹ کا تخمینہ 4.59 ارب ، آپریٹنگ اخراجات 4.78 ارب اورسالانہ ترقیاتی پلان 1.23 ارب روپے ہے ۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے ملک میں یوریا کھادکی صورتحال سے متعلق تجویز کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں جولائی 2016ئسے لیکرمارچ 2019ئتک کے الیکٹرک کے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے مسئلہ کا جائزہ لیا گیا۔