سڈنی( سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقائدہ آغاز آج سے آسٹریلیا میں ہوگا، میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ عالمی کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی،میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے ، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتواں ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کل جمعہ سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ جس میں دنیائے کرکٹ کی دس ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہونگی۔دس ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے ۔ میگا ایونٹ کے 23 میچز کی میزبانی کینبرا، میلبورن، پرتھ اور سڈنی کو دی گئی ہے ۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ (آج) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا کے مقام پر کھیلے گی۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں کھیلے گی، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنویی افریقن ٹیم کے خلاف سڈنی کے مقام پر کھیلے گی جبکہ چوتھے اور آخری میچ میں 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف سڈنی کے مقام پر نبرد آزما ہوگی۔