لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) عقیدہ ختم نبوت محفوظ ہے تو سارا دین محفوظ ہے ۔عقیدہ ختم نبوت محفوظ ہے تو قرآن محفوظ ہے ۔ ختم نبوت کی بر کت سے دین اسلام کی تعلیمات محفوظ ہیں اگر درمیان سے عقیدہ ختم نبوت کو نکال دیا جائے نہ دین باقی رہتا ہے نہ دین اسلام کی تعلیمات اور نہ ہی قرآن باقی رہے گا کیونکہ بعد میں آنے والے ہر نبی کو دین میں تبدیلی اور تنسیخ کا حق حاصل ہو گا اس لئے عقیدہ ختم نبوت پر پورے دین کی عمارت قائم ہے اور اسی میں امت مسلمہ کی وحدت کا راز مضمر ہے ۔ اس امر کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے سرپرست قاری جمیل الرحمن اختر کی زیر صدارت منعقدہ ختم نبو ت کانفرنس میں مرکزی رہنماشاہین ختم نبوت مولانا اﷲ وسایا، مرکزی نشرواشاعت مولانا عزیز الرحمن ثانی، لاہور کے نائب امیر پیرمیاں رضوان نفیس ،مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم ، مولانا زبیر جمیل، مولانا عبیدالرحمن معاویہ، مولانا خالدمحمود، مولانا سعید وقار نے شرکت کی۔ مولانا اﷲ وسایا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ کرنا قرب خدا وندی اور نجات اخروی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ۔ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کے تعاقب کا کام تمام عبادات کا خلاصہ ہے ۔مولانا عزیز الرحمن ثانی نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی ہرگزبرداشت نہیں کریں گے ۔