شیخوپورہ،کالا شاہ کاکو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیٹ نیوز،این این آئی) چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے تحریک انصاف کے باغی ارکان اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،سلیکٹڈ حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے ۔شیخوپورہ میں اپنے فارم اور مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعظم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم نے عمران حکومت کو ملک سنوار نے کا پورا موقع دیا لیکن انہوں نے اسے دیوالیہ کر دیا۔رانا تنویر نے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہمیں لندن طلب کیا گیا نہ اس حوالے سے علم ہے ، وفاق اور پنجاب میں تبدیلی ہمارا ٹارگٹ ہے لہذا کوئی لندن پلان نہیں بن رہا۔ راناتنویرنے کہانااہل حکومت کے خاتمے کیلئے جھوٹے وعدوں سے اکتائے اسکے اپنے اتحادی ہی کافی ہیں،دھاندلی زدہ تبدیلی سرکارکی اپنی ہی جوتی اس کے سرمیں پڑنے والی ہے ، سلیکٹڈ حکومت کی نااہلیوں کی قیمت غریب عوام خودکشیاں کرکے اداکررہی ہے ،کرکٹروزیراعظم نے کرکٹ سے وابستہ ہزاروں افرادکوبیروزگارکرکے کھیل کابیڑہ غرق کردیا،نوازشریف کاعلاج ابھی چل رہاہے جونہی انکی صحت ٹھیک ہوگی وہ پاکستان واپس ضرورآئیں گے ۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں قومی ادارے مضبوط ہونے کی بجائے کمزور ہورہے ہیں اورمہنگائی و بے روزگاری میں کمی کی بجائے اضافہ اور کرپشن کی شرح بڑھ گئی ہے جسے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بے نقاب کردیا ہے ،اپنی 22سالہ سیاست میں عمران خان اسی ادارہ کی رپورٹس پر اپنی سیاست چمکاتا رہااور آج حکومت میں آکر اس ادارہ کی رپورٹ کو مسترد کرکے اپنی نااہلی اور نالائقی کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔